مظفرگڑھ غیررجسٹرڈ نجی سکولوں کیخلاف کارروائی، نوٹسز جاری
مظفرگڑھ غیررجسٹرڈ نجی سکولوں کیخلاف کارروائی، نوٹسز جاریڈیرہ غازی خان حادثے کے بعد محکمہ تعلیم متحرک، 100 سکولوں سے وضاحت طلب
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر): ڈیرہ غازی خان میں سکول کے کمرے کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد ضلع مظفرگڑھ میں بھی غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم نے ضلع بھر کے 100 پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ سے وضاحت طلب کر لی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں ایک پرائیویٹ سکول کی چھت گرنے سے طلبہ و طالبات کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ بھی متحرک ہو گئی ہے ۔سی ای او ایجوکیشن مظفرگڑھ نزہت پروین کی جانب سے تحصیل مظفرگڑھ کے 62، تحصیل علی پور کے 12 اور تحصیل جتوئی کے 26 غیر رجسٹرڈ سکولوں کو وضاحتی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ بغیر رجسٹریشن سکول چلانا حکومتی پالیسی اور قانون کی خلاف ورزی ہے ۔سکول انتظامیہ کو 7 روز کے اندر محکمہ تعلیم میں پیش ہو کر اپنے دفاع میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب نہ دینے یا تسلی بخش وضاحت نہ دینے کی صورت میں معاملہ ڈسٹرکٹ رجسٹرنگ اتھارٹی مظفرگڑھ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔مزید کہا گیا ہے کہ ایسے غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔