تین کروڑ کی کی عدم ادائیگی پر بلدیہ میاں چنوں کی بجلی منقطع
تین کروڑ کی کی عدم ادائیگی پر بلدیہ میاں چنوں کی بجلی منقطع25لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی،حکام نے مکمل ادائیگی تک بجلی بحال کرنے سے انکار
میاں چنوں ( تحصیل رپورٹر) میونسپل کمیٹی میاں چنوں کی بجلی مبینہ طور پر واپڈا کے 3 کروڑ روپے سے زائد کے بقایاجات ادا نہ کرنے پر منقطع کردی گئی، جس کے باعث دفتری امور اور شہری سہولیات شدید متاثر ہوکر رہ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے 25 لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی بھی کی گئی، تاہم واپڈا حکام نے مکمل واجبات کی ادائیگی تک بجلی بحال کرنے سے انکار کردیا ہے ۔بجلی بند ہونے کے بعد میونسپل کمیٹی کے مختلف شعبوں میں کام رک گیا ہے جبکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے آنے والے شہری بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ دفاتر میں اندھیرا اور سسٹم بند ہونے کے باعث معمول کا سرکاری کام متاثر ہورہا ہے ۔واپڈا حکام کا مؤقف ہے کہ ادارے پر کروڑوں روپے کے واجبات بقایا ہیں اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل ادائیگی تک بجلی بحال نہیں کی جاسکتی۔ دوسری جانب شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ایک بڑا سرکاری ادارہ ہی بھاری بقایاجات کا نادہندہ بن جائے تو عام صارفین کیلئے قوانین کی یکساں عملداری کیسے ممکن ہوگی؟شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور میونسپل کمیٹی و واپڈا کے درمیان معاملہ حل کراکے بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔