وہاڑی مثالی گاؤں منصوبہ، عید انتظامات پرمثالی اقدامات
وہاڑی مثالی گاؤں منصوبہ، عید انتظامات پرمثالی اقدامات ڈی سی کا ترقیاتی کاموں کا جائزہ، صفائی، سکیورٹی ، قیمتیں کنٹرول کرنیکی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے کہا ہے کہ سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بھر میں مثالی گاؤں پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے چک نمبر 91 اور 81 ڈبلیو بی کا دورہ کرکے مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع وہاڑی میں ایک ارب 89 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے 14 مثالی گاؤں تعمیر کیے جا رہے ہیں جہاں واٹر سپلائی، ڈرینج سسٹم، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، چلڈرن پارکس، پختہ گلیاں اور سٹریٹ لائٹس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں عیدالاضحیٰ انتظامات، کے پی آئیز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں 6 مویشی منڈیاں قائم کی جائیں، عیدگاہوں اور شاہراہوں کی صفائی، آلائشوں کی بروقت تلفی، کنٹرول رومز کے قیام اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایہ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نہروں اور دریاؤں میں نہانے ، ون ویلنگ، غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور گیس ری فلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں۔