فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ ، ساڑھے 4 من ناقص گوشت تلف
سرکلر روڈ پر کارروائی، لوڈر رکشہ ضبط، ملزموں کیخلاف مقدمہ درج
ملتان ،میلسی،کوٹ ادو (لیڈی رپورٹر،نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے میلسی میں گوشت مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے چار من مضر صحت گوشت تلف کر دیا جبکہ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر سرکلر روڈ میلسی میں کی گئی، جہاں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک لوڈر رکشہ روک کر چیکنگ کی۔ دوران معائنہ بدبودار، گلا سڑا گوشت برآمد ہوا جسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ لوڈر رکشہ پولیس نے تحویل میں لے لیا۔
برآمد شدہ گوشت سخت، سیاہ اور خشک حالت میں تھا جبکہ ویٹرنری ڈاکٹر نے اسے انسانی صحت کے لئے ناقابل استعمال قرار دیا۔مزید بتایا گیا کہ مضر صحت گوشت مختلف قصابوں اور ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے معاشرے کیلئے ناسور ہیں، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن،مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 100لٹرملاوٹی دودھ،3900 ساشے زائدالمیعاد کینڈیز،60 کلو ہلدی پاؤڈر،40کلو ملاوٹی چنے کا آٹا،100کلو سے زائد ایکسپائرڈ بسکٹس، پاپڑ اور دیگر مضر صحت اشیاء تلف کر دی گئیں جبکہ 7فوڈ پوائنٹس کومجموعی طور پر1 لاکھ 37 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔