خانیوال :اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے کاؤنٹرز فعال
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی سرپرستی میں ضلع خانیوال کی چاروں تحصیلوں میں اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے تحت قائم کاؤنٹرز مکمل طور پر فعال ہیں۔
اس منصوبے کا مقصد بے زمین دیہاتیوں کو زرعی زمین کی فراہمی کے ذریعے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس نے میاں چنوں میں قائم کاؤنٹرز اور رجسٹری برانچ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے درخواستوں کی وصولی، ای رجسٹریشن کے عمل اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ فضل عباس نے ہدایت کی کہ رجسٹری کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔ تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای رجسٹریشن کے دوران ٹیکسز اور فیسوں کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام امور مقررہ ایس او پیز کے مطابق مکمل کیے جائیں گے ۔