اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم ،16 ہزار درخواستیں موصول
864 لاٹس کیلئے درخواستوں کی جانچ پڑتال اور قرعہ اندازی کا شیڈول جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں سکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں، قرعہ اندازی اور آئندہ مرحلہ وار شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے سکیم پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 864 لاٹس کیلئے مجموعی طور پر 16 ہزار 596 درخواستیں موصول ہوئیں۔ خانیوال میں 231 لاٹس کیلئے 6 ہزار 116، لودھراں میں 272 لاٹس کیلئے 6 ہزار 161، ملتان میں 87 لاٹس کیلئے 1511 جبکہ وہاڑی میں 274 لاٹس کیلئے 8 ہزار 628 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘سکیم بے زمین اور مستحق افراد کیلئے حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس سے دیہی معیشت کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے تمام مراحل مکمل شفافیت اور میرٹ کے مطابق انجام دیے جائیں گے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ درخواستوں کی وصولی کا عمل 20 مئی 2026 تک جاری رہے گا جبکہ ابتدائی فہرست 21 مئی کو جاری کی جائے گی۔ تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کی سکروٹنی 22 سے 30 مئی تک ہوگی جبکہ اپیلیں یکم سے 8 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔ حتمی اہل درخواست گزاروں کی فہرست 19 جون 2026 کو جاری کی جائے گی۔