ملتان بورڈ میں نئے کنٹرولر امتحانات کی تعیناتی کا حکم
ڈاکٹر عمران احمد کو اضافی چارج تفویض، محمد حمید سعید فارغ،نوٹیفکیشن جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومتِ پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان میں کنٹرولر امتحانات کے عہدے پر نئی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز خانیوال ڈاکٹر عمران احمد (بی ایس 18) کو 89 روز کیلئے یا مستقل تعیناتی تک کنٹرولر امتحانات کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر عمران احمد فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ سابق کنٹرولر امتحانات محمد حمید سعید (بی ایس 19) کو عہدے سے فارغ کرتے ہوئے ان کی ڈیپوٹیشن کی باقی مدت بھی ختم کردی گئی ہے ۔ انہیں فوری طور پر اپنے محکمہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری پنجاب بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی ایکٹ 2025 کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری سے عمل میں لائی گئی۔تعلیمی حلقوں کے مطابق یہ تبدیلی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ملتان بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 20 مئی سے شروع ہونے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے کنٹرولر امتحانات کو امتحانی عمل شفاف، منظم اور بروقت مکمل کرانے کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ امتحانات کے دوران انتظامی امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔