بہترین صفائی انتظامات، ستھرا پنجاب ورکرز کو خراج تحسین
2 روز میں آلائشیں اٹھانے کا ہدف مکمل، شہر بھر میں عرق گلاب کا چھڑکاؤ
کہروڑپکا (نمائندہ دنیا ) عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کے ورکرز کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر اصغر اقبال لغاری نے ٹی ایم او حنان زاہد اور کوآرڈینیٹر رانا ثاقب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر بھر سے آلائشیں اٹھانے کا کام تین روز جاری رہا جبکہ مین شاہراہوں اور گلیوں میں عرق گلاب کا بھی چھڑکاؤ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 900 ٹن آلائشیں اٹھانے کا ہدف دو روز میں مکمل کر لیا گیا۔ تحصیل بھر کی 25 یونین کونسلز میں بیگز وافر مقدار میں تقسیم کیے گئے جبکہ 10 کلیکشن سینٹرز اور پانچ ڈمپنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی۔