زکریا یونیورسٹی کے مجوزہ انضمام کیخلاف احتجاجی ریلی
اساتذہ، ملازمین اور افسروں کا یونیورسٹی کی خودمختاری بچانے کا عزم
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اساتذہ، ملازمین اور افسروں نے یونیورسٹی کے مجوزہ انضمام اور تقسیم کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاج میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن، بی زیڈ یو ایمپلائز ایسوسی ایشن، بی زیڈ یو آفیسرز ایسوسی ایشن اور دیگر نمائندہ تنظیموں کے عہدیدار و ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔احتجاجی ریلی کا آغاز ایڈمنسٹریشن بلاک سے کیا گیا، جس کے بعد شرکا نے مین بوسن روڈ پر مارچ کیا۔ ریلی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ شدید گرمی کے باوجود شرکا نے یونیورسٹی کی خودمختاری، شناخت اور تاریخی حیثیت کے تحفظ کے حق میں نعرے لگائے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد بن یامین اور ایمپلائز یونین کے صدر ملک صفدر نے کہا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کا کسی بھی دوسرے ادارے میں انضمام یا تقسیم کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاجی تحریک کا آغاز ہے اور ادارے کے مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی علمی، تہذیبی اور فکری شناخت کی علامت ہے اور عظیم صوفی بزرگ حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے نام سے منسوب اس ادارے کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔