خانیوال:8ڈکیت گینگز کے 22ارکان گرفتار
مئی میں مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی، لاکھوں کا مال مسروقہ برآمد
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)خانیوال پولیس نے ماہ مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ڈی پی او محمد عابد کی قیادت میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ شہریوں کو مختلف پولیس سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 65مقدمات درج کئے گئے اور کارروائیوں کے دوران 5رائفلیں، 5 ریوالور، ایک کلاشنکوف، 2 کاربین، 2 بندوقیں اور 49 پسٹل برآمد کئے گئے ۔ اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 137 مقدمات درج کئے گئے اور ملزمان کے قبضے سے 52 کلو 830 گرام چرس، ایک کلو 760 گرام ہیروئن، 1060 گرام آئس اور 3827 لٹر شراب برآمد کی گئی۔پولیس نے مختلف وارداتوں میں ملوث 8 ڈکیت گینگز کے 22 ارکان کو گرفتار کرکے 55 مقدمات ٹریس کئے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 50 لاکھ 61 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔ڈی پی او محمد عابد کے مطابق پولیس خدمت مراکز میں ایک ہی چھت تلے 16 مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔