معیاری کپاس پر پریمیم انعامات پروگرام متعارف کرانیکا فیصلہ
پی سی جی اے اور دین انڈسٹریز میں معیار بہتر بنانے کیلئے اصولی اتفاق
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے ) شام لال منگلانی نے کہا ہے کہ معیاری کپاس کو ترجیح اور مناسب انعام ملنا چاہیے ۔ اسی مقصد کے تحت پی سی جی اے اور دین انڈسٹریز کے درمیان آلودگی پر قابو پانے ، معیاری گٹھریوں کی تیاری، بہتر وزن برقرار رکھنے اور شارٹ فائبر انڈیکس کو 95 فیصد سے کم رکھنے والے جنرز کی حوصلہ افزائی کے لئے پریمیم جنر پارٹنرشپ پروگرام متعارف کرانے پر اصولی اتفاق کیا گیا ہے ۔شام لال منگلانی نے کہا کہ پی سی جی اے کی تاریخ میں پہلی بار کسی اسپننگ مل کے ساتھ کپاس کے معیار میں بہتری کے لئے باضابطہ شراکت داری اور مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے ہیں۔
ان کے مطابق یہ اقدام جنرز اور اسپنرز کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر کپاس کی پوری ویلیو چین کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت مقررہ معیار سے کم آلودگی اور نمی رکھنے والی کپاس پر اضافی پریمیم بھی دیا جائے گا۔ معیار پر توجہ دینے والے جنرز کی حوصلہ افزائی سے مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی کپاس کی ساکھ، یکسانیت اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔چیئرمین پی سی جی اے نے دین انڈسٹریز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر اسپننگ ملز اور اپٹما کے ارکان بھی اس مثال کی پیروی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر درآمدی کپاس پر پریمیم ادا کیا جا سکتا ہے تو بہتر معیار کی پاکستانی کپاس پیدا کرنے والے کسانوں اور جنرز کو بھی اس کا فائدہ ملنا چاہیے ۔