دکان سے لڑکا پراسرار طور پر لاپتہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقہ وارڈ نمبر 14 بی میں نائی کی دکان پر کام سیکھنے والا 15 سالہ لڑکا پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا جس پر اہل خانہ نے اغواء کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی ہے۔
محمد نواز کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق اس کا 15 سالہ بیٹا محمد کاشف دھپ سڑی میں نائی کی دکان پر کام سیکھ رہا تھا۔ وہ یکم جون کو صبح 10 بجے دکان سے یہ کہہ کر نکلا کہ واش روم جا کر آتا ہوں، تاہم اس کے بعد واپس نہ آیا۔مدعی کے مطابق دکان مالک مقبول حسین نے بھی تلاش میں مدد کی مگر لڑکے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ اہل خانہ نے مختلف مقامات پر تلاش کی تاہم ناکامی کے بعد اغواء کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے لڑکے کی تلاش اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔