رکشہ ڈرائیورز کامبینہ غیر قانونی وصولیوں کیخلاف احتجاج

 رکشہ ڈرائیورز کامبینہ غیر قانونی وصولیوں کیخلاف احتجاج

انتظامیہ نوٹس لے ، انصاف فراہم کیا جائے :موٹرسائیکل رکشہ ڈرائیورز کا مطالبہ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیوروں کا مبینہ غیر قانونی وصولیوں کے خلاف احتجاج، انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیوروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹھیکے کی مدت ختم ہونے کے باوجود مبینہ طور پر ان سے وصولیاں بدستور جاری ہیں۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ اس صورتحال سے شدید پریشان ہیں اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔رکشہ ڈرائیوروں کے مطابق میونسپل کمیٹی کے موٹر سائیکل رکشہ ٹھیکیدار نے سال بھر مختلف اقسام کے رکشہ ڈرائیوروں سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیے۔

ان کا دعویٰ ہے کہ جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹھیکہ صرف موٹر سائیکل رکشہ اور آٹو رکشہ تک محدود تھا، تاہم مبینہ طور پر لوڈر رکشہ، پھٹہ رکشہ اور سی این جی رکشوں سے بھی وصولیاں کی جاتی رہیں۔متاثرہ ڈرائیوروں اور بعض شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر غیر قانونی وصولیاں ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین سے وصول کی گئی رقم واپس کی جائے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں