میپکو نے ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کامیابی سے مکمل کرلیا
27کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن 500کلو واٹ یوسف والا لائن سے منسلک
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) کے شعبہ گرڈسسٹم کنسٹرکشن نے 132KV نورپور۔پاکپتن ریل ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کامیابی سے مکمل کرلیا ۔یکم جولائی 2026ء کو نورپور۔پاکپتن ریل ٹرانسمیشن لائن نمبر 1 اور نوپور۔ پاکپتن 2 کو انرجائز کر دیا گیا۔ دونوں ٹرانسمیشن لائنوں کی لمبائی تقریباً 27،27کلومیٹر ہے اورنورپور ٹرانسمیشن لائن کو500KVیوسف والا ٹرانسمیشن لائن سے منسلک کیاگیاہے ۔ دونوں منصوبوں کی تکمیل پر مجموعی طور پر 81 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد اور چیف انجینئر (ڈویلپمنٹ) پی ایم یو زاہد اختر کی نگرانی میں اس منصوبے میں دونوں ٹرانسمیشن لائنوں کے علاوہ متعلقہ لائن بیز کی تنصیب اور 500KV یوسف والا۔نورپور ٹرانسمیشن لائن سے انٹرفیسنگ ورک بھی جی ایس او اور جی ایس سی کے شعبوں نے مکمل کیا۔ایڈیشنل چیف انجینئر جی ایس سی سید محمد مبشررضوی نے کہا کہ یہ منصوبہ قومی گرڈ سسٹم کی مضبوطی، بجلی کی ترسیلی استعداد میں اضافے ، نظام کے استحکام اور مستقبل میں بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔