ملتان وہاڑی روڈ پر گرین کوریڈور منصوبہ جلد مکمل کرنے کا ہدف

ملتان وہاڑی روڈ پر گرین کوریڈور منصوبہ جلد مکمل کرنے کا ہدف

سڑک کی دونوں جانب شجرکاری کی جائے گی ،کمشنر عامر کریم کا اجلاس سے خطا ب

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت 93 کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی دو رویہ سڑک پر شجرکاری اور گرین بیلٹ کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات، محکمہ ہائی ویز، سی اینڈ ڈبلیو، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بابر چوک سے ٹبہ سلطان پور تک شجرکاری کے جامع منصوبے پر تفصیلی پریذنٹیشن دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صرف سڑکیں تعمیر کرنا نہیں بلکہ انہیں سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنانا بھی ہے۔

شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ شجرکاری بھی ناگزیر ہے ، اسی لئے ملتان-وہاڑی دو رویہ سڑک کو جنوبی پنجاب کا ایک مثالی گرین کوریڈور بنایا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ایسے مقامی اور ماحول سے ہم آہنگ درختوں کو ترجیح دی جائے جو کم پانی میں بھی بہتر نشوونما پائیں، طویل عرصہ برقرار رہیں، سایہ فراہم کریں اور پرندوں کے لئے بھی موزوں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وقتی خوبصورتی کے بجائے پائیدار شجرکاری کو ترجیح دی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شجرکاری کے ساتھ پودوں کی نگہداشت، آبپاشی، بقا کی شرح، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور سڑک کے اطراف صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

سڑک کے ڈیوائیڈرز، گرین بیلٹس اور دیگر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور متعلقہ اضلاع میں مسلسل مانیٹرنگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے ۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بابر چوک سے ٹبہ سلطان پور تک 37 کلومیٹر طویل حصے پر شجرکاری کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے ۔ منصوبے کے تحت سڑک کے سینٹر میڈین اور دونوں اطراف دستیاب گرین بیلٹس پر مجموعی طور پر 45.7 ایونیو کلومیٹر پر شجرکاری کی جائے گی، جس میں 31.5 کلومیٹر سینٹر میڈین جبکہ 14.2 کلومیٹر سڑک کے اطراف شامل ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پودوں کے درمیان 10 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا اور فی کلومیٹر تقریباً 330 پودے لگائے جائیں گے ۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 15 ہزار 81 آرائشی اور سایہ دار درخت لگائے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں