پیکٹا گریڈ 8 امتحانات، مظفرگڑھ کی پنجاب میں پہلی پوزیشن
تعلیمی میدان میں شاندار کامیابی، اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کی محنت رنگ لے آئی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ نے تعلیمی میدان میں ایک اور نمایاں اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پیکٹا گریڈ 8 کے حالیہ امتحانات میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے ۔ اس شاندار کامیابی کے بعد ضلع بھر کے تعلیمی حلقوں، اساتذہ، والدین اور طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کے طلبہ نے نہ صرف مجموعی طور پر بہترین نتائج حاصل کیے بلکہ مختلف تعلیمی شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی، جسے ضلع کی تعلیمی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ ماہرین تعلیم کے مطابق اس کامیابی کے پیچھے اساتذہ کی محنت، طلبہ کی لگن، والدین کی معاونت اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی مؤثر حکمت عملی شامل ہے ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ نزہت پروین کی قیادت میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے گئے جن میں اسکولوں کی مانیٹرنگ، اساتذہ کی رہنمائی اور طلبہ کی کارکردگی پر خصوصی توجہ شامل ہے ۔ پیکٹا فوکل پرسن شاہد سیال نے بھی امتحانی تیاری اور رزلٹ مانیٹرنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کامیابی پر تعلیمی حلقوں، اساتذہ، سماجی شخصیات اور شہریوں کی جانب سے متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے ۔ اساتذہ کے مطابق یہ کامیابی صرف ایک رزلٹ نہیں بلکہ بہتر تعلیمی ماحول اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے ، جس سے طلبہ کا مورال بلند ہوا ہے ۔ والدین اور شہریوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مظفرگڑھ آئندہ بھی تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی جاری رکھے گا اور یہ اعزاز ضلع میں مزید تعلیمی بہتری اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو فروغ دے گا۔