ڈی پی او مظفرگڑھ کا اردل روم، 15اہلکاروں کو مختلف سزائیں
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ڈی پی او مظفرگڑھ سید غضنفر علی شاہ نے ہفتہ وار اردل روم کا انعقاد کرتے ہوئے ڈسپلن کی خلاف ورزی، کرپشن اور شہری شکایات پر متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی۔۔۔
تفصیلات کے مطابق اردل روم میں 15 پولیس افسران و اہلکاروں کو سالانہ ترقی روکنے ، تنخواہوں میں کٹوتی اور سروس ضبطگی کی سزائیں سنائی گئیں، جبکہ 13 افسران و اہلکاروں کو سینشور کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ متعدد اہلکاروں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ۔ سزا پانے والوں میں 5 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئیز، ہیڈ کانسٹیبل، کانسٹیبلز اور پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے گا اور کسی کو بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی، کرپشن یا شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔