اجمل چانڈیہ کی ہسپتال آمد، زخمی صفائی ورکرز کی عیادت
جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور تعاون کی یقین دہانی کرائی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن و رکن صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے دوران ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے صفائی ورکرز کی عیادت کے لیے ترکی ہسپتال پہنچ گئے ۔ واضح رہے کہ ڈی جی خان روڈ پر چوک گودر بائی پاس کے قریب تیز رفتار کار نے ایک کیری ڈبہ کو اوورٹیک کرتے ہوئے صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے لوڈر رکشہ کو ٹکر مار دی تھی، جس کے نتیجے میں رکشہ الٹ گیا اور اس میں سوار چھ صفائی ورکرز زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد انڈس ہسپتال منتقل کیا، جہاں سے بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے ترکی ہسپتال ریفر کیا گیا۔ حادثے میں شاہد کلیم، اعجاز حسین، مظفر حسین، مبشر، محمد طارق اور عابد زخمی ہوئے ۔ اجمل خان چانڈیہ نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی ورکرز کی عیادت کی۔، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ \\\"صاف ستھرا پنجاب\\\" پروگرام کے ورکرز حکومت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حفاظت و بہترین علاج حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔