پیرا فورس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس، بہتری کی ہدایت
دیانتداری، نظم و ضبط اور مؤثر مانیٹرنگ کے ساتھ شہری سہولیات بہتر بنانے پر زور
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایات کے مطابق شہری سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ نے پیرا فورس کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پیرا فورس کی مجموعی کارکردگی، سرکاری اداروں میں انجام دی جانے والی ذمہ داریوں، حاضری، نظم و ضبط، صفائی، سکیورٹی، معاونت اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے فورس کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ بھی دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ نے ہدایت کی کہ پیرا فورس کے اہلکار اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایات کے مطابق تمام محکمے باہمی رابطے کو مزید بہتر بنائیں۔