حفاظتی ٹیکہ جات مہم مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
وہاڑی(خبر نگار) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد فاضل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن کمیٹی کا سہ ماہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں معمول کی حفاظتی ویکسینیشن، نگرانی کے نظام اور سماجی آگاہی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری کو مزید مؤثر بنانے ، کمیونٹی کے ساتھ روابط مضبوط کرنے اور والدین، بزرگوں، مذہبی و سماجی رہنماؤں، بااثر شخصیات، سیاسی نمائندوں اور نمبرداروں کو ویکسینیشن مہم میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر فکسڈ ویکسینیشن مراکز اور آؤٹ ریچ سائٹس پر بین الاشخاص ابلاغ (آئی پی سی) کی مہارت بہتر بنانے اور HPV سمیت تمام حفاظتی ویکسینز سے متعلق عوامی آگاہی میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد فاضل نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات ہر بچے کا بنیادی حق ہیں اور حکومت اس کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی مستحق بچہ حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم نہ رہے ۔ اجلاس میں ڈی ڈی ایچ او وہاڑی، بوریوالا، میلسی، فوکل پرسنز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی