موٹروے پولیس نے 47 مقدمات میں مطلوب ملزم پکڑ لیا
ایم-5 پر کارروائی، لاکھوں کا مسروقہ سامان، اسلحہ اور نقدی برآمد
ملتان (کرائم رپورٹر)موٹروے پولیس نے ایم-5 پر اُچ شریف کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چوری اور ڈکیتی کے 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، اسلحہ، نقدی اور جعلی نمبر پلیٹس بھی برآمد کر لی گئیں۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (آئی ٹی ایس) نے ایک مشتبہ گاڑی کی بروقت نشاندہی کی، جس پر موٹروے پولیس نے ناکہ بندی کی۔ ملزم نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزم کی شناخت عارف حسین کے نام سے ہوئی۔ اس کے قبضے سے 10 سولر انورٹر، دو لیتھیم بیٹریاں، ایک لاکھ 36 ہزار روپے نقد، ایک پستول، 10 زندہ گولیاں، جعلی نمبر پلیٹس اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی سوزوکی مہران بھی قبضے میں لے لی گئی۔ترجمان کے مطابق تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم سنگین نوعیت کے 47 مقدمات میں مطلوب تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ وہ ضلع بہاولپور کے علاقے حاصل پور میں 85 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا، جبکہ برآمد ہونے والی گاڑی اور سامان کا تعلق بھی اسی واردات سے ہے ۔موٹروے پولیس نے گرفتار ملزم، برآمد شدہ اسلحہ، گاڑی اور دیگر سامان مزید قانونی کارروائی کے لئے پولیس اسٹیشن اُچ شریف اور سی سی ڈی بہاولپور کے حوالے کر دیا۔