ملک واہن سیوریج سسٹم سے محروم، مکین شدید پریشان
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) موضع ملک واہن، اڈہ ہری چند کی تقریباً 25 ہزار نفوس پر مشتمل آبادی تاحال سیوریج کے بنیادی نظام سے محروم ہے ، جس کے باعث گندگی، تعفن اور کھڑے پانی نے علاقے کا ماحول متاثر کر رکھا ہے۔
مقامی مکینوں کے مطابق اس صورتحال سے ہیضہ، ڈائریا، ملیریا، سانس اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ شبیر بلوچ، فیاض جعفری، محمد شاہد، اسد عباس اور دیگر شہریوں نے ضلع کونسل، ستھرا پنجاب اور متعلقہ اداروں کی مبینہ عدم توجہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر ملتان رانا عامر کریم اور ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورایہ سے فوری نوٹس لینے ، عارضی طور پر سکشن مشین کے ذریعے صفائی کرانے اور مستقل بنیادوں پر سیوریج سکیم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں اہل علاقہ کے ہمراہ مین روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا جائے گا۔