خانیوال:اوورلوڈ لوڈر رکشوں سے حادثات کے خدشات
لوڈر رکشوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے : شہریوں کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) شہر اور گردونواح میں لوڈر رکشوں پر مقررہ حد سے زائد ٹی آر گارڈ، لوہے کے حفاظتی فریم اور سامان لاد کر چلانے کا رجحان بڑھنے سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں کے مطابق متعدد لوڈر رکشہ ڈرائیور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اوور لوڈ گاڑیاں مصروف شاہراہوں اور بازاروں میں چلا رہے ہیں، جس سے دیگر گاڑیوں، راہگیروں اور ٹریفک کی روانی کو خطرات لاحق ہیں اور کسی بھی وقت حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوور لوڈ لوڈر رکشوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ممکنہ حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔