میپکو :محکمانہ کارروائی، ایک اہلکار برطرف، تین کو سزائیں
مسلسل غیر حاضری اور الزامات ثابت ہونے پر برطرفی کے احکامات جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)انتظامیہ نے محکمانہ کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک اہلکار کو ملازمت سے برطرف جبکہ دو دیگر ملازمین کو مختلف سزائیں دینے کے احکامات جاری کر دیئے ۔چیف (ایچ آر اینڈ سی پی)آفیسر میپکو میاں محمد سہیل افضل نے پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ریونیو آفس چشتیاں ڈویژن کے کمرشل اسسٹنٹ ظہیر احمد حبیب کو 30 ستمبر 2024ء سے مسلسل غیر حاضری پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔اسی طرح سی ایف سی بہاولنگر کے جونیئر کلرک عتیب الرحمن کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر موجودہ سکیل میں تین سال کے لئے تین درجات تنزلی کی سزا سنائی گئی۔، جبکہ میٹریل مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ، میپکو ہیڈ کوارٹر ملتان کے جونیئر سٹور کیپر محمد ارشد کو بھی الزامات ثابت ہونے پر موجودہ سکیل میں ایک سال کے لئے دو درجات تنزلی کی سزا دی گئی۔میپکو انتظامیہ کے مطابق محکمانہ نظم و ضبط برقرار رکھنے اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے کارروائیاں متعلقہ قوانین کے تحت کی گئی ہیں۔