شدید گرمی،بازارمیں ترپالیں لگانے دی جائیں ،معین الدین

شدید گرمی،بازارمیں ترپالیں لگانے دی جائیں ،معین الدین

پیرا فورس تاجروں کو ریلیف دینے کی بجائے ہراساں کررہی، مظاہرے سے خطاب

ملتان ( لیڈی رپورٹر )چوک بازار کے تاجروں نے پیرا فورس کی مبینہ زیادتیوں اور ناروا رویے کے خلاف صدر انجمن تاجران چوک بازار معین الدین قریشی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پیرا فورس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان، انچارج پیرا فورس اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی سے مطالبہ کیا کہ چوک بازار میں شدید گرمی سے بچاؤ کے لئے ترپالیں لگانے کی غیر مشروط اجازت دی جائے تاکہ دکانداروں اور خریداروں کو ریلیف مل سکے ۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے معین الدین قریشی نے کہا کہ 44 ڈگری سے زائد درجہ حرارت اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شدید گرمی میں بازار میں کاروبار کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔

مگر پیرا فورس تاجروں کو سہولت دینے کے بجائے ہراساں کرنے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ انتظامیہ نے فوری طور پر ترپالیں لگانے کی اجازت نہ دی اور پیرا فورس کی کارروائیاں نہ روکیں تو چوک بازار کے تاجر احتجاجاً اپنی دکانیں بند کرکے چابیاں ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرا دیں گے ، جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایئرکنڈیشنڈ دفاتر میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والے افسر اگر واقعی زمینی حقائق جاننا چاہتے ہیں تو شدید گرمی میں چند منٹ بازار میں کھڑے ہو کر تاجروں اور شہریوں کی مشکلات کا خود مشاہدہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں