مینگو فیسٹیول ، ڈپٹی کمشنر کے والد کے ہاتھوں افتتاح

مینگو فیسٹیول ، ڈپٹی کمشنر کے والد کے ہاتھوں افتتاح

30 سٹالز پر آم کی 50 سے زائد اعلیٰ، نایاب اقسام کی نمائش کی گئی

 مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) والد کے ہاتھوں ربن کٹوا کر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے مینگو فیسٹیول کا منفرد افتتاح کر دیا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی زیرِ سرپرستی فیاض پارک میں منعقد ہونے والا سالانہ دوسرا مینگو فیسٹیول شاندار انداز میں اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا۔ تقریب کا سب سے منفرد اور یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے مینگو فیسٹیول کا افتتاح اپنے والدِ کے ہاتھوں ربن کٹوا کر کیا، جس پر شرکاء نے بھرپور داد دی اور اس خوبصورت روایت کو خاندانی اقدار کے احترام کی علامت قرار دیا۔

دو روزہ مینگو فیسٹیول میں ضلع مظفرگڑھ سمیت جنوبی پنجاب کے ممتاز باغبانوں، ترقی پسند کاشتکاروں، زرعی ماہرین، طلبہ، کاروباری شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی 30 سے زائد سٹالز پر آم کی 50 سے زائد اعلیٰ، نایاب اور منفرد اقسام نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ محکمہ زراعت (توسیع) مظفرگڑھ کی جانب سے بہترین انتظامات کیے گئے ۔مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور نواز شریف یونیورسٹی کے اسٹالز پر آم کی جدید کاشت، ویلیو ایڈیشن، گریڈنگ، پیکنگ، برآمدات اور باغبانی سے متعلق تحقیقی معلومات فراہم کی گئیں۔ زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی، بیماریوں سے بچاؤ اور باغات کے بہتر انتظام کے حوالے سے عملی رہنمائی بھی فراہم کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں