صحت دشمنوں کیخلاف آپریشن ، خوراک تلف، جرمانے

 صحت دشمنوں کیخلاف آپریشن ، خوراک تلف، جرمانے

بوریوالا میں معروف برانڈ کے نام سے مصالحہ تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا،6من سے زائد پیک شدہ مصالحے ضبط،مالک پر مقدمہ،دنیا پور، کہروڑ پکا میں بیکریوں پر چھاپے حشرات زدہ مٹھائی، رینسڈ آئل کے استعمال پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ، عوام کومعیاری خوراک فراہم کرنے کیلئے پرعزم، بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائینگی،موسیٰ رضا

ملتان(لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جنوبی پنجاب میں بھرپور کریک ڈاؤن، بوریوالا میں 6 من سے زائد جعلی مصالحہ جات کی بڑی کھیپ ضبط، لودھراں میں 2 بیکریوں اور پاپڑ فیکٹری کی انسپکشن،50 لٹر رینسڈ آئل ،10 کلو غیر معیاری اجزاء تلف، ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے عائد۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر جنوبی پنجاب میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے وہاڑی کے علاقے بوریوالا میں معروف برانڈز کے نام سے تیار کئے جانے والے جعلی مصالحہ جات کی بڑی کھیپ ضبط کر لی، جبکہ لودھراں میں غیر معیاری خوراک تیار کرنے والے بیکری یونٹس اور پاپڑ فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے ۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق بوریوالا کے چک 259 ای بی میں قائم غیر قانونی پروڈکشن یونٹ پر چھاپے کے دوران 6 من سے زائد پیک شدہ جعلی مصالحہ جات ضبط کر لئے گئے ۔ کارروائی کے دوران معروف برانڈز کی جعلی پیکنگ بھی برآمد ہوئی، جس کے ذریعے نقلی مصالحہ جات تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کئے جا رہے تھے۔

ضبط شدہ مصالحہ جات کے نمونے مزید تجزیے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے اور ذمہ دار شخص کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔دوسری جانب لودھراں میں ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں دو بیکریوں اور ایک پاپڑ فیکٹری کی انسپکشن کی گئی۔کارروائیاں صدر بازار دنیاپور، فوارہ چوک کہروڑ پکا اور ملتان روڈ پر عمل میں لائی گئیں۔ معائنے کے دوران پروڈکشن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی موجودگی، مٹھائی میں مکھیوں، رینسڈ آئل کے استعمال، فلٹریشن سسٹم اور ریکارڈ کی عدم دستیابی سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران 50 لٹر رینسڈ آئل اور 10 کلو غیر معیاری اجزاء موقع پر تلف کر تے ہوئے فوڈ بزنس مالکان کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے عائد کئے ۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار پر سمجھوتہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں