ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کا حکم

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کا حکم

معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر کی متعلقہ افسروں کو ہدایت

ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، معیار اور رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رشد اقبال بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج نظام کی بہتری، نکاسی آب، واٹر سپلائی، صفائی، بیوٹیفکیشن اور دیگر شہری و دیہی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واسا کے میگا منصوبوں اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سیوریج و انفراسٹرکچر منصوبوں پر بھی پیش رفت دریافت کی اور ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ، تعمیراتی کاموں کے معیار کی جانچ اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں حسین آگاہی روڈ، برانڈ روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی اپ گریڈیشن اور شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات، جدید سیوریج نظام، صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچانے کے لیے تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...