سکولوں کیلئے پری سموگ ایکشن پلان 2026 جاری
طلبہ اور اساتذہ کو سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سموگ کے ممکنہ اثرات سے طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ رکھنے کیلئے پری سموگ ایکشن پلان 2026 جاری کردیا۔ اس حوالے سے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے ۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سموگ کے دوران طلبہ اور اساتذہ کی صحت کے تحفظ کیلئے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سموگ کے دوران سکولوں میں بیرونی سرگرمیوں کو محدود رکھا جائے جبکہ کھیل یا ورزش سے قبل ایئر کوالٹی انڈیکس کی سطح چیک کی جائے ۔ طلبہ کو سکول اوقات میں فیس ماسک کے استعمال کی ترغیب دینے اور کھلے مقامات پر کھیلنے سے روکنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ غیر ضروری سفر، تفریحی سرگرمیوں اور ایسے علاقوں کے دوروں سے گریز کرایا جائے۔
جہاں فضائی آلودگی کی سطح غیر صحت بخش ہو۔شدید سموگ کے دوران غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے مکمل اجتناب کیا جائے ۔ آلودہ ہوا کے سکولوں میں داخلے کو کم سے کم رکھنے کیلئے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ تمام سی ای اوز ایجوکیشن کو اپنے ماتحت سکولوں میں پری سموگ ایکشن پلان 2026 پر مؤثر اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ پنجاب حکومت نے سموگ سیزن سے قبل حفاظتی اقدامات شروع کرکے طلبہ کو فضائی آلودگی کے ممکنہ منفی اثرات سے بچانے کیلئے پیشگی انتظامات کئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments