پونے 2کروڑ کی چاندی کی ڈکیتی کا سراغ مل گیا، ملزم گرفتار
پولیس نے 5 ملزم گرفتار کرکے لوٹی گئی ساری چاندی اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کی چاندی کی ڈکیتی کی بڑی واردات میں مظفرگڑھ پولیس کو اہم کامیابی حاصل ہوگئی، پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی ساری چاندی اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے دفتر پولیس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ سٹی مظفرگڑھ کے علاقے میں دربار پیرن شاہ محمود کوٹ، نزد تھرمل روڈ، پر ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی، جہاں چھ نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر 18 کلو گرام چاندی لوٹ لی، جس کی مالیت ایک کروڑ 75 لاکھ روپے تھی۔ مدعی مقدمہ پشین سے ملتان کی طرف ٹرک پر آرہا تھا۔ واقعے پر چھ نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی مظفرگڑھ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ واردات میں استعمال ہونے والی کار کو ٹریس کیا گیا تو وہ ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم کے بھائی کی ملکیت نکلی، جس کے بعد پولیس نے کیس پر کام کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا اور اس کی گرفتاری کے بعد دیگر ملزمان کو بھی ٹریس کرلیا۔ پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں ریڈ کرکے ڈکیتی میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کی تمام چاندی اور واردات میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے مزید بتایا کہ ایس ڈی پی او سٹی سرکل محمد ظفر وٹو کی قیادت میں تھانہ سٹی مظفرگڑھ کی پولیس ٹیم نے محنت، پروفیشنلزم اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے ڈکیتی شدہ مال برآمد کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments