قومی یوم شجرکاری پر لودھراں میں اربن فاریسٹ کا معائنہ
ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری ماڈل کا جائزہ لیا، آٹھ ایکڑ میں نئے پودے لگائے
ملتان،لودھراں (لیڈی رپورٹر،سٹی رپورٹر) قومی یوم شجرکاری کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے لودھراں پائلٹ پراجیکٹ (ایل پی پی) کے اربن فاریسٹ کا دورہ کیا اور وہاں متعارف کرائے گئے کم لاگت شجرکاری ماڈل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایل پی پی کی نرسری کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں نرسری کے انتظامات اور پودوں کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل پی پی کی نرسری سالانہ 80 ہزار پودے تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ پودے اور درخت نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی انتہائی ضروری ہیں۔ ضلع لودھراں کو سرسبز، صحت مند اور ماحول دوست بنانے کیلئے لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ایل پی پی کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور اور دیگر افراد کے ہمراہ اربن فاریسٹ کے 8 ایکڑ پر مشتمل توسیعی رقبے میں پودے لگائے ۔ڈاکٹر عبدالصبور نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور پائیدار مستقبل کیلئے بانی ایل پی پی جہانگیر خان ترین کے وژن کے تحت منصوبے پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 20 ایکڑ رقبے پر مشتمل اربن فاریسٹ ماڈل بھی قائم کیا گیا ہے ، جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری اور لودھراں کو مزید سرسبز و شاداب بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments