غیر قانونی ایل پی جی،پٹرول پمپس کیخلاف آپریشن تیز

غیر  قانونی  ایل  پی جی،پٹرول  پمپس  کیخلاف  آپریشن  تیز

ایل پی جی کنٹینرز کی غیر قانونی نقل و حرکت اور ایرانی تیل کی فروخت کو کنٹرول اور یونٹس کو صرف سیل کرنے کے بجائے موقع پر موجود مشینری کے اہم حصے کو ناقابل استعمال بنایا جائے مشینری کی ضبطی، تلفی اور نیلامی کا عمل مؤثر بنائیں،ایف آئی آر کا اندراج کافی نہیں،ملزموں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے ،سول ڈیفنس کاکردگی بہتر کرے ،ڈویژنل کمشنر

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنرملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت غیر قانونی ڈیکینٹنگ، غیر قانونی پٹرول پمپس و فلنگ پوائنٹس، ایل پی جی کنٹینرز کی غیر قانونی نقل و حرکت اور ایرانی تیل کی فروخت و پٹرولیم مصنوعات میں غیر قانونی مکسنگ کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، سول ڈیفنس، اوگرا اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے ، صرف ایف آئی آر کے اندراج کے بجائے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کا مطلوبہ مقصد حاصل نہیں ہوتا، اس لیے قانون کے مطابق مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔اجلاس میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور ڈیکینٹنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ غیر قانونی یونٹس کو صرف سیل کرنے کے بجائے موقع پر موجود مشینری کے اہم حصے کو ناقابل استعمال بنایا جائے ۔

انہوں نے مشینری کی ضبطی، تلفی اور نیلامی کے عمل کو بھی مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایل پی جی کنٹینرز کی غیر قانونی ڈیکینٹنگ کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپس اور آبادیوں کے علاوہ دیہی علاقوں، مین روڈز سے ہٹ کر قائم غیر قانونی ڈیکینٹنگ پوائنٹس کی بھی نشاندہی کی جائے ۔ اس مقصد کے لیے یونین کونسل سیکرٹریز اور پٹواریوں کے ذریعے اپنی اپنی حدود میں ایسے مقامات کی ماہانہ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ایرانی تیل کی غیر قانونی فروخت کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل میں غیر قانونی مکسنگ کی روک تھام پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایرانی تیل اور دیگر غیر معیاری یا ملاوٹ شدہ مصنوعات کے نمونے الگ الگ حاصل کرکے ان کی باقاعدہ جانچ کرائی جائے تاکہ مکسنگ کے عمل کی بھی مؤثر انداز میں نشاندہی ہوسکے ۔

کمشنر نے سول ڈیفنس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی اور پٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارروائیوں میں چیف انسپکٹر ایکسپلوسوز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ بہتر بنانے اور مشترکہ کارروائیوں کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ اور ماہانہ اجلاسوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے جبکہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور ری وزٹس کا نظام بھی مؤثر بنایا جائے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ غیر قانونی پٹرولیم سرگرمیوں اور ایل پی جی ڈیکینٹنگ کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...