وہاڑی شجرکاری مہم، محکموں کیلئے پودے لگانے کے اہداف مقرر
گھروں کیلئے بھی اہداف مقرر،محکمہ جنگلات 2لاکھ 43ہزار 600پودے لگائے گا
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیرصدارت شجرکاری مہم اور ماحولیاتی خطرات کے تدارک کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں شجرکاری مہم بھرپور انداز میں چلانے اور تمام محکموں کو مقررہ اہداف کے مطابق پودے لگانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہر نمبردار نمبرداری گرانٹ کے رقبے پر 200 پودے لگائے گا، جبکہ ‘‘اپنا کھیت اپنا روزگار’’ کے تحت الاٹیز، لیز داران اور نمبرداران ایک ایکڑ پر 10 درخت لگائیں گے ۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ 10 ہزار پودے لگائے گا اور ‘‘ایک طالب علم، ایک پودا’’ مہم کے تحت طلبہ کو بھی شجرکاری میں شامل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ صحت ہسپتالوں میں 5 ہزار پودے لگائے گا، ہر پٹرول پمپ پر 10 پودے لگانا لازمی ہوگا جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹ وہاڑی میں 3 ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز، ہسپتالوں اور صنعتی یونٹس کی منظوری شجرکاری سے مشروط ہوگی۔انہوں نے محکمہ جنگلات کو 2 لاکھ 43 ہزار 600 پودے لگانے کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 5 مرلہ گھر کیلئے ایک، 10 مرلہ کیلئے 2 اور ایک کنال کے گھر کیلئے 5 پودے لگانا لازم ہوگا۔ کم از کم 5 فٹ قد کے پودے لگائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments