معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، زبیر بلوچ
لودھراں کیلئے 5 ارب 85 کروڑ کا سینیٹیشن منصوبہ، تھیلیسیمیا سینٹر منظورجلالپور موڑ فلائی اوور کیلئے ایک ارب مختص، جلد ٹینڈرنگ ہوگی،چیئرمین فوڈ
لودھراں (سٹی رپورٹر)رکن پنجاب اسمبلی پی پی 227 محمد زبیر خان بلوچ کو چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عہدہ ملنے کے بعد لودھراں پہنچنے پر شہریوں اور کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔ لاتسکا چوک سے غوثیہ چوک تک ریلی نکالی گئی، مختلف مقامات پر شہریوں اور کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے زبیر خان بلوچ کا خیرمقدم کیا۔غوثیہ چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر خان بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ خوراک کے معیار میں کوتاہی یا ملاوٹ کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے لودھراں کیلئے 5 ارب 85 کروڑ روپے کے سینیٹیشن منصوبے ، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 25 بستروں کے تھیلیسیمیا سینٹر اور مختلف مواضعات میں تقریباً 60 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جلالپور موڑ پر فلائی اوور کیلئے فنڈز 30 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب روپے کردیئے گئے ہیں اور جلد ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہوگا۔ پٹھان والا کے مقام پر موٹرسائیکلوں اور رکشوں کیلئے لوہے کا پل بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لودھراں کی ترقی اور عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، حکومت پنجاب کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments