پرائمری نصاب میں تبدیلی جولی فونکس متعارف کرانے پر غور
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں پرائمری سطح کے نصاب میں اہم تبدیلیوں پر غور شروع کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 2027 کے نئے تعلیمی سال سے نرسری تا جماعت اول کے طلبہ کو ‘‘جولی فونکس’’(Jolly Phonics) نصاب پڑھانے کی محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئے نصاب کی تیاری اور نفاذ کیلئے عالمی پبلشنگ اداروں اور متعلقہ ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نصاب کی حتمی منظوری کیلئے معاملہ کابینہ کمیٹی کے سامنے پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔حکام کے مطابق ابتدائی جماعتوں کے بچوں میں پڑھنے ، لکھنے اور زبان سیکھنے کی صلاحیتیں بہتر بنانے کیلئے جدید تدریسی طریقوں کو نصاب کا حصہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ جولی فونکس کے ذریعے بچوں کو حروف، آوازوں اور الفاظ کی شناخت میں مدد دینے کی کوشش کی جائے گی۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق جماعت پنجم تک پڑھائی جانے والی اسلامیات کی موجودہ 26 کتب میں فی الحال تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محدود وقت کے باعث جماعت پنجم تک نصاب میں ممکنہ تبدیلیاں نصاب سازی کے متعلقہ اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج قرار دی جارہی ہیں۔حکام کے مطابق پرائمری نصاب میں ضروری ترامیم اور نئے تعلیمی منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے ۔ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تمام طلبہ کو مفت درسی کتب فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔تعلیمی ماہرین کے مطابق جولی فونکس کی منظوری کی صورت میں سرکاری سکولوں میں ابتدائی تعلیم کے طریقہ تدریس میں اہم تبدیلی متوقع ہے ، جس کا مقصد بچوں کی بنیادی خواندگی اور زبان دانی کی صلاحیت بہتر بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments