سرکاری سکول داخلہ اہداف میں ناکام ، سربراہان سے جواب طلب

سرکاری سکول داخلہ اہداف میں ناکام ، سربراہان سے جواب طلب

کم داخلوں والے اداروں کے سربراہان کو وضاحتی نوٹس، غفلت پرکارروائی ہوگی

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن نے سرکاری سکولوں میں نئے داخلوں کے مقررہ اہداف پورے نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ناکام رہنے والے اداروں کے سربراہان سے جواب طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ناقص کارکردگی اور داخلہ مہم کے اہداف حاصل نہ کرنے والے سربراہان کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (پیڈا) ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ نے رواں تعلیمی سال سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعداد بڑھانے اور نئے داخلوں کیلئے خصوصی اہداف مقرر کئے تھے ۔ سکول سربراہان اور متعلقہ تعلیمی افسروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ داخلہ مہم مؤثر بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹس اور مختلف اضلاع سے موصول اعدادوشمار میں متعدد سکول مقررہ اہداف حاصل نہیں کرسکے ، جس پر محکمہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کم داخلوں والے سکولوں کا ڈیٹا مرتب کرکے کارکردگی اور اہداف پورے نہ ہونے کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ سربراہان کو وضاحتی نوٹس جاری کئے جارہے ہیں اور ان سے تحریری جواب طلب کیا جائے گا۔ تاہم صرف کم داخلوں کی بنیاد پر کارروائی کے بجائے ہر سکول کے مقامی حالات بھی مدنظر رکھے جائیں گے ۔ غفلت یا محکمانہ ہدایات کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر سخت کارروائی ہوگی۔حکام نے سکول سربراہان کو آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی، والدین سے رابطے اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے داخلہ مہم مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...