وہاڑی :بجلی چوری کیخلاف میپکو، پولیس کا مشترکہ کریک ڈاؤن تیز
ایف آئی آرز کا فوری اندراج، ڈی ایس یو آپریشنز مؤثر بنانے پر اداروں میں اتفاق
ملتان (خصوصی رپورٹر)وہاڑی شہر میں بجلی چوری کے خلاف میپکو کی جاری مہم مزید مؤثر بنانے ، ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمات کے فوری اندراج کیلئے میپکو اور پولیس نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔اس سلسلے میں ایکسین میپکو وہاڑی ڈویژن عمار علی رضا صدیقی نے فوکل پرسن شہزاد خالد کے ہمراہ ڈی ایس پی صدر سرکل وہاڑی عمران خورشید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کارروائیوں، ڈسکوز سپورٹ یونٹ (ڈی ایس یو) کے آپریشنز، دورانِ کارروائی پیش آنے والے مسائل اور بجلی چوری کے مقدمات کی ایف آئی آرز کے عدم اندراج سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افسروں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی چوری کے خاتمے کیلئے میپکو اور پولیس کے درمیان بروقت رابطہ ضروری ہے ۔ بجلی چوری کی نشاندہی کے بعد قانونی تقاضے مکمل کرکے مقدمات کا فوری اندراج اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی سے اینٹی تھیفٹ مہم کے نتائج بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔دونوں اداروں نے ڈی ایس یو آپریشنز کے دوران درپیش مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے اور کارروائیوں میں ایک دوسرے کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ڈی ایس پی عمران خورشید نے بجلی چوری کے مقدمات کی بروقت رجسٹریشن اور آپریشنز کو مؤثر بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ایکسین عمار صدیقی نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments