میپکو ریجن میں بجلی چوری کے 2750 کیسز، 63 ملزم گرفتار
2218 کیسز میں مقدمات کی درخواستیں، 1053 ایف آئی آر درج
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ میپکو، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں مختلف علاقوں میں چیکنگ اور نگرانی کر رہی ہیں جبکہ بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی جاری ہے ۔ ستمبر 2026ء کے دوران میپکو ریجن کے مختلف آپریشن سرکلوں میں بجلی چوری کے 2750 کیسز پکڑے گئے ۔ ان میں سے 2218 کیسز میں ایف آئی آر کے لئے درخواستیں بھجوائی گئیں، 1053 مقدمات درج جبکہ 63 افراد گرفتار کئے گئے ۔کارروائیوں کے دوران بجلی چوری میں استعمال ہونے والے 59 لاکھ 52 ہزار یونٹس کا تخمینہ لگاتے ہوئے مجموعی طور پر 21 کروڑ 31 لاکھ 60 ہزار روپے کے جرمانہ بلز عائد کئے گئے ، جن میں سے اب تک 4 کروڑ 35 لاکھ روپے وصول کئے جاچکے ہیں۔چیف انجینئر کسٹمر سروسز سید جواد منصور احمد نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد اور رینجرز کمانڈرز کی نگرانی میں بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے ۔ یکم تا 24 ستمبر کے دوران ملتان سرکل میں 337، ڈی جی خان میں 281، وہاڑی میں 448، بہاولپور میں 324، ساہیوال میں 341، رحیم یار خان میں 197، مظفرگڑھ میں 391، بہاولنگر میں 187 اور خانیوال سرکل میں 244 صارفین بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ مختلف سرکلوں میں بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرکے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ رحیم یار خان میں 63 افراد کو گرفتار کرکے حوالات بھیجا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments