سلائی سینٹر کیخلاف سوشل میڈیا مہم، سربراہ کا شدید احتجاج
شفاف تحقیقات اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے ، روبینہ بشیرکی اپیل
بورے والا(سٹی رپورٹر )مقامی سلائی سینٹر کی سربراہ اور سماجی کارکن روبینہ بشیر نے اپنے ادارے ، اپنی ذات اور سینٹر سے وابستہ بچیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ منفی مہم اور کردار کشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے کارروائی کی اپیل کی ہے ۔روبینہ بشیر نے کہا کہ وہ گزشتہ ساڑھے سات سال سے بچیوں کو سلائی کڑھائی کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ مستحق بچیوں کی تعلیم، شادی بیاہ اور دیگر سماجی معاملات میں بھی اپنی استطاعت کے مطابق معاونت کر رہی ہیں۔ چند روز سے ’’سمرین سی ایچ‘‘کے نام سے فیس بک آئی ڈی کے ذریعے ان کے سلائی سینٹر کے خلاف مبینہ طور پر منفی پوسٹس اپ لوڈ کی جا رہی ہیں اور ادارے پرنازیبا الزامات لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شیخ شہباز کے خلاف مبینہ فراڈ کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو دی گئی درخواستوں کے بعد پہلے ان کی ذات اور اب ان کے ادارے اور وہاں تربیت حاصل کرنے والی بچیوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔روبینہ بشیر نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے سوشل میڈیا پر جعلی شناخت کے ذریعے مبینہ کردار کشی کرنے والوں کا سراغ لگائیں اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔اس موقع پر سلائی سینٹر سے تربیت حاصل کرنے والی بچیوں اور ان کے والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ روبینہ بشیر کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں چاہتیں، صرف حقائق سامنے لانے اور قانون کے مطابق کارروائی کی خواہاں ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments