پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کیخلاف تاجر سراپا احتجاج
تاجر رہنماؤں کا یکساں شرح مقرر کرنیکا مطالبہ،اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان
ملتان (لیڈی رپورٹر)پراپرٹی ٹیکس کی بڑھتی شرح کے خلاف چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان نے احتجاجی مظاہروں اور پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کی دھمکی دے دی۔ صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر ظفر اقبال صدیقی نے دیگر عہدیداروں اور تاجر نمائندوں کے ہمراہ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 144 کی پروا نہیں کریں گے اور عوام و تاجروں کے حقوق کے لئے احتجاج کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے مالی سال 2026-27 کے لئے پراپرٹی ٹیکس کے نئے نظام اور غیر معمولی اضافے پر ملتان سمیت پنجاب بھر کی تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تمام کیٹیگریز اور پراپرٹیز کے لیے یکساں 0.03 فیصد شرح مقرر کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس سے فرار نہیں بلکہ منصفانہ، قابل برداشت اور حقیقت پسندانہ نظام چاہتے ہیں۔
ظفر اقبال صدیقی کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کو ڈی سی ویلیو اور کیپیٹل ویلیو سے منسلک کرنے کے باعث متعدد علاقوں میں ٹیکس کئی گنا بڑھ گیا ہے ، جبکہ مقررہ ویلیو بعض مقامات کی حقیقی مارکیٹ صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتی۔ نئی تعمیر، توسیع، تقسیمِ استعمال یا قبضے کی تبدیلی کی صورت میں بھی ٹیکس میں اچانک اضافہ ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی ویلیوایشن لسٹ میں سالانہ 10 فیصد اضافے سے پراپرٹی ٹیکس بھی مسلسل بڑھتا رہے گا، اس لئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ ہے کہ ویلیوایشن کے عمل میں تاجروں، پراپرٹی مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments