شاہ رکن عالمؒ کا عرس، مزار کی چادر پوشی،غسل کی تقریب
ملتان (کرائم رپورٹر)جنوبی ایشیا کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام قطب الاقطاب حضرت شاہ رکن الدین عالم نوری حضوری سہروردی ملتانیؒ کے 713ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا۔۔۔
عرس میں سندھ سمیت ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مندوں کے قافلوں نے شرکت کی۔عرس کی تقریبات کا آغاز مزار مبارک کو عرق گلاب سے غسل دینے اور چادر پوشی کی روح پرور تقریب سے ہوا۔ درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے صاحبزادوں مخدوم زین حسین قریشی اور مخدوم مرید حسین قریشی نے مزار مبارک کو عرق گلاب سے غسل دیا اور چادر پوشی کی رسم ادا کی۔ اس موقع پر مزار پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔تقریب میں ایم این اے پیر ظہور حسین قریشی، مخدوم زادہ سجاد حسین قریشی سمیت دیگر اکابرین اور خاندانِ قریش کے افراد بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر ملک کے نامور ثنا خوانوں حمید نواز، وحید نواز اور حامد نواز نے کلمہ طیبہ کا ورد کیا اور بارگاہِ رسالتؐ میں ہدیہ نعت جبکہ غوث پاکؒ کی شان میں منقبت پیش کی۔تقریب کے اختتام پر مخدوم مرید حسین قریشی نے ملکی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے دعا کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments