بائیومیٹرک تصدیق کی فیس کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر

بائیومیٹرک تصدیق کی فیس کے  خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر

ملتان (کورٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ملتان کے سابق صدر ملک محبوب علی سندیلہ نے سائلین کے لئے بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دینے اور۔۔۔

 اس کی فیس وصولی کے خلاف جسٹس چودھری محمد اقبال کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں انٹرا کورٹ اپیل کے ذریعے چیلنج کر دیا۔ اپیل میں بائیومیٹرک تصدیق سے متعلق انتظامی حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔اس سے قبل جسٹس چودھری محمد اقبال نے اس معاملے پر دائر رٹ درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل سید ریاض الحسن گیلانی کے مطابق یہ درخواست ایک انتظامی حکم کے خلاف ہے اور مختلف عدالتی نظیروں کی روشنی میں قابل سماعت ہے ۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بائیومیٹرک تصدیق کی فیس سائلین پر اضافی مالی بوجھ ہے ۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر 200 روپے فیس وصول کی جا رہی ہے ، جس میں سے 60 روپے بار ایسوسی ایشن اور 20 روپے عدالتی عملے کے لئے مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی عملہ پہلے ہی حکومت سے تنخواہیں اور مراعات حاصل کرتا ہے ، اس لئے اضافی فیس کا جواز نہیں بنتا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...