نشتر ہسپتال،نیوروسٹروک کے مریضوں کیلئے کیتھ لیب کی منظوری
انجیوگرافی ، تھرومبیکٹومی ، دماغ کی بند نالیاں کھولنے کیلئے علاج میسر آئے گا
ملتان (لیڈی رپورٹر)حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں سٹروک پروگرام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے ۔ اسی سلسلے میں نشتر ہسپتال ملتان میں نیورو سٹروک کے مریضوں کے لئے جدید نیورو کیتھ لیب کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس انقلابی اقدام کے تحت نشتر ہسپتال ملتان میں سٹروک پروگرام کے لئے ایک جدید نیورو کیتھ لیب قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ اس لیب کے قیام کے بعد اب نشتر ہسپتال میں دماغ کے فالج (سٹروک) کے مریضوں کے لئے بھی اسی طرز پر علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ جس طرح دل کے مریضوں کی انجیوگرافی کی جاتی ہے ۔ اس نیورو کیتھ لیب میں سٹروک کے مریضوں کے دماغ کی انجیوگرافی، تھرومبیکٹومی اور دماغ میں خون کی بند نالیوں کو کھولنے کے لئے بروقت اور جدید علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے مجوزہ ایریا کا سائٹ پلان بھی تیار کیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں آج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالقادر خان نے ایمرجنسی اور نیورو ٹراما یونٹ کا خصوصی دورہ کیا۔ انہوں نے نیورو کیتھ لیب کے لئے مجوزہ جگہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر نبیل سمیت ایم اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ دورے کے دوران نیورو کیتھ لیب کے قیام اور سٹروک پروگرام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس منصوبے کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالقادر خان کا کہنا تھا کہ اس اقدام اور نیورو کیتھ لیب کے قیام سے جنوبی پنجاب کے لاکھوں مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اور انہیں لاہور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments