شاہ پور میں جعلی زِگ زیگ بھٹے ‘ زہریلا دھواں خطرہ بن گیا
شاہ پور صدر (نامہ نگار)تحصیل شاہ پور میں پرانی طرز پر قائم بھٹہ خشت اور جعلی زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹوں کی چمنیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں شہریوں کیلئے وبالِ جان بن چکا ہے ، جبکہ محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہ پور صدر اور گردونواح میں بھٹہ خشت کی بڑی تعداد موجود ہے۔حکومت کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بھٹوں کو جدید زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم چند بھٹوں کے سوا بیشتر مالکان نے جعلی انداز میں زِگ زیگ ظاہر کر کے پرانی طرز پر بھٹے چلانا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان بھٹوں سے خارج ہونیوالا زہریلا دھواں علاقے کی فضا کو آلودہ کر رہا ہے ، جسکے باعث شہریوں میں سانس، دمہ، پھیپھڑوں اور جلد کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔