مہنگائی بے قابو،گراں فروشی ‘ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیرفعا ل

 مہنگائی بے قابو،گراں فروشی ‘ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیرفعا ل

شاہ پور صدر (نامہ نگار)شاہ پور صدر، جھاوریاں، شاہ پور سٹی اور گردونواح میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے ۔

 پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال جبکہ علاقہ مجسٹریٹس دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گراں فروش اور ناجائز منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پھل، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں من مانا اور ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ بیشتر دکاندار سرکاری نرخ ناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے 50 سے 100 روپے فی کلو تک زائد قیمت وصول کر رہے ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخ مقرر کئے جاتے ہیں، تاہم ان پر عملدرآمد کروانے کیلئے نہ تو پرائس کنٹرول کمیٹیاں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں اور نہ ہی پیرا فورس یا مجسٹریٹس عملی میدان میں نظر آتے ہیں۔ مزید برآں شاہ پور کی تقریباً 50 فیصد دکانوں پر نرخ نامے آویزاں ہی نہیں جبکہ نرخ نامے تقسیم کرنے والا اہلکار بھی دوپہر بارہ بجے کے بعد آتا ہے ، جس سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں