منڈیوں اور کاروباری مراکز کی سکروٹنی کی تیاریاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت مختلف اضلاع کی منڈیوں اور کاروباری مراکز کی سکروٹنی اور انہیں قانونی دائرہ کار میں لانے کی تیاریاں، متعلقہ شعبوں کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت مختلف اضلاع کی منڈیاں اور کاروباری مراکز کسی بھی فورم یا اتھارٹی سے باضابطہ طور پر منظور شدہ نہیں اور اس حوالے سے سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کے ساتھ ساتھ حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان پہنچنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ ان مارکیٹوں کی تعمیر میں بہت سے اہم امور نظر اندا ز کئے گئے جس کے باعث یہ مارکیٹیں انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں، بالخصوص پارکنگ، پبلک ٹائلٹس،واٹر سپلائی، سیوریج، مینجمنٹ بلاک سرے سے قائم نہیں،حکومت کی جانب سے خفیہ اور اعلانیہ چھان بین کے دوران اسی طرح کی دیگر بنیادی سہولیات اور حفاظتی انتظامات کا فقدان پایا گیا جو کہ مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے ،ذرائع کاکہنا ہے کہ ضلعی حکومتوں کے ذریعے ان مارکیٹوں کی مکمل سکروٹنی اور قانونی دائرہ کار میں لانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، اس ضمن میں ہدایت کی گئی کہ دی گئی گائیڈ لائن پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنا کر رپورٹ ارسال کی جائے ۔