محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب مسجد کے سامنے قائم دفاتر، لنگر خانہ ہٹانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لے رہا ،ابرار احمد بگوی

 محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب مسجد کے سامنے  قائم دفاتر، لنگر خانہ ہٹانے کے حوالے  سے تفصیلی جائزہ لے رہا ،ابرار احمد بگوی

بھیرہ(نامہ نگار)شیر شاہ سوری دور میں تعمیر ہونے والی تاریخی جامع مسجد بگویہ کی عظمت اور اس قومی ورثے کو برقرار رکھنے کے لیے محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کی نگرانی میں تعمیر و مرمت اور قدیم نقوش کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے متولی جامع مسجد صاحبزادہ ابرار احمد بگوی نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ کی ذاتی توجہ اور متعلقہ انجینئرز کی محنت سے کام کی نزاکت اور نفاست کے تمام تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھا جا رہا ہے تاکہ مسجد کی اصل تاریخی حیثیت برقرار رہے ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب ہماری درخواست پر مسجد کے سامنے قائم دفاتر، لنگر خانہ اور کچن وغیرہ کو ہٹانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لے رہا ہے اور اس سلسلے میں فنی ماہرین سے رائے لی جا رہی ہے ، تاکہ مسجد کا شاہانہ رعب، تاریخی عظمت اور علمی وجاہت مزید نمایاں ہو سکے ۔صاحبزادہ ابرار احمد بگوی نے تعمیراتی کام میں خصوصی دلچسپی لینے پر ڈی جی آثارِ قدیمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بحالی کا یہ منصوبہ مسجد کی اصل شان و شوکت کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں