رمضان میں اب تک ضلع بھر میں 26 ہزار 572 انسپکشنز
رمضان میں اب تک ضلع بھر میں 26 ہزار 572 انسپکشنز چیکنگ کے دوران 355 مقامات پر اوورچارجنگ کے کیسز سامنے آئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) رمضان المبارک میں اب تک ضلع بھر میں 26 ہزار 572 انسپکشنز کی جا چکی ہیں۔ چیکنگ کے دوران 355 مقامات پر اوورچارجنگ کے کیسز سامنے آئے جن پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو مجموعی طور پر 12 لاکھ 61 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اسی عرصے کے دوران 321 دکانیں سیل کی گئیں، 320 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 37 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔
ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی،دوسری جانب دوکانداروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف دیہاڑی دار اور چھوٹ دکاندار ہی انتظامیہ کی کاروائیوں کا نشانہ بنے ہیں ،چھوٹے دوکانداروں کو بھاری جرمانے کرکے انتظامیہ صرف اپنی کارکردگی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے ،اس پر تو مصنوعی مہنگائی ختم ہونی چاہئے تھی مگر کھلی مارکیٹوں میں صورتحال برعکس ہے ۔انتظامیہ کسی بڑے ڈیلر یا ذخیرہ اندوز پر ہاتھ نہیں ڈال سکی، حالانکہ دوکاندار خود بتاتے ہیں کہ ہمیں کون مہنگی چیز دے رہا ہے ،لیکن ڈنگ ٹپاؤ پالیسی اور بیوروکریسی کی غلام گردشوں نے صورتحال گھمبیر بنا رکھی ہے صرف ان اشیاء کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں جن کی پیدوار زیادہ ہوئی اور ان کے ضائع ہونے کا خدشہ بھی زیادہ ہے ،اس کے علاوہ90فیصد سے زائد مارکیٹوں میں حکومتی نرخوں پر اشیاء دستیاب نہیں۔