سرگودھا ریجن میں مستحق خاندانوں کے لیے راشن پیک تقسیم
سرگودھا ریجن میں مستحق خاندانوں کے لیے راشن پیک تقسیم یہ راشن پیک آٹا، دالیں، گھی، چینی، چاول،دیگر اشیائے خورونوش پر مشتمل ہیں
بھیرہ(نامہ نگار )فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کی جانب سے سرگودھا ریجن میں مستحق خاندانوں کے لیے راشن پیک تقسیم کر دیے گئے ۔ ریجنل منیجر شاہد رفیق نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی سرگودھا ریجن میں قائم مسلم ہینڈز کے سکولوں میں زیرِ تعلیم یتیم اور مستحق بچوں اور ان کے خاندانوں میں 500 سے زائد فوڈ پیک تقسیم کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ راشن پیک آٹا، دالیں، گھی، چینی، چاول، کھجوریں اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش پر مشتمل ہیں، جو ایک خاندان کی ماہانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔شاہد رفیق کے مطابق مسلم ہینڈز انٹرنیشنل نہ صرف مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرتا ہے بلکہ رمضان المبارک اور عید کے موقع پر بھی انہیں خوشیوں میں برابر شریک کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرتا ہے مسلم ہینڈز انٹرنیشنل عوامی فلاح کے لئے بے شمار منصوبے کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔