فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں سی ٹی اسکین شعبہ کا باقاعدہ افتتاح

فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں سی ٹی اسکین شعبہ کا باقاعدہ افتتاح

فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں سی ٹی اسکین شعبہ کا باقاعدہ افتتاح نصب جدید مشینری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین شعبہ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔تقریب میں پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروقہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ خواجہ محمد سہیل بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے نئے تعمیر شدہ بلاک، نصب کی گئی جدید مشینری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے جب چارج سنبھالا تو اپنے پہلے دورہ کے دوران ہسپتال میں یہ منصوبہ زیر التوا پایا گیا۔ انہوں نے ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے سخت ہدایات جاری کیں اور ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے مسلسل فالو اپ کیا، جس کے نتیجے میں یہ اہم منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔

جس مقام پر نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے وہاں پہلے خستہ حال عمارت موجود تھی۔ اب جدید طرز کی نئی عمارت تعمیر کر کے جدید الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین مشینیں نصب کی گئی ہیں، جس سے مریضوں کو بروقت اور معیاری تشخیصی سہولیات میسر آئیں گی۔کمشنر سرگودھا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو علاج اور تشخیص کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے سرگودھا اور قریبی علاقوں کے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے اور انہیں مقامی سطح پر جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں